مجلس۲۱ اکتوبر۲۰۱۳ء۔ اللہ تعالی کی عظیم الشان محبت

مجلس کی جھلکیاں:

  • کل بروز ۲۰ اکتوبر کی مجلس بوجوہ نہیں ہوسکی تھی ۔آج شروع ہی حضرت والا  مجلس میں تشریف فرما تھے حضرت کے حکم پر ممتاز صاحب نے حضرت والا رحمہ اللہ کے وہ ملفوظات سنانے شروع کیے جو ابھی تک شائع نہیں ہوئے۔

  • حضرت والا شیخ العرب و العجم عارف باللہ مجدد زمانہ حضر ت مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت کے ۴۶سال کے خادم خاص اور خلیفہ  ہمارے شیخ و مرشد حضرت والا سید عشرت جمیل میر صاحب دامت برکاتہم کےآپس میں شفقت محبت اور الفت کے  نایاب واقعات بیان ہوئے۔جن سے یہ صاف معلوم ہوتا ہے کہ حضرت والا رحمہ اللہ سراپا محبت تھے اور اب ہمارے شیخ و مرشد حضرت میر صاحب میں یہ شانِ محبت  بدرجہ اتم منتقل ہوئی ہے۔جب یہ واقعات بیان ہورہے تھے حضرت والا جیسے کھو   جاتے تھے اور چہرہ مبارک بالکل گلاب کی مانند کھل جاتا تھا۔

  • نعمتیں عاشقینِ نامراد کے لئے حجاب نہیں ہیں، ان کا غم اس حجاب کو چاک کردیتا ہے ۔۔۔

  • ہاں وہ لوگ جن کے لئے نعمتوں سے آہ کے بجائے طاقت باہ بڑھ جاوے ایسے بامراد لوگوں کے لئے نعمتوں میں زیادہ اشتغال مضر ہے۔

  • اس موقع پر حضرت والا نے عاشقین نامراد کی تشریح میں فرمایا:  اس سے مراد یہ  ہے کہ  جو حسینوں سے بچتے ہیں اس سے دل میں نامرادی اور غم پیدا ہوتا ہے، لیکن وہ بظاہر چھوٹا سا غم ہوتا ہےلیکن اس کے سامنے لاکھوں سلطنتوں کا مزہ بھی کچھ نہیں۔ حضرت نے نہایت عاجزی سے فرمایا یہ  توحضرت والا رحمہ اللہ فرماتے تھے ہم تو اس کو نقل کرتے ہیں ۔

  • جنہوں نے تقوی کا غم اٹھا لیا ان کے لئے نعمتیں کچھ حجاب نہیں ہیں وہ اللہ کو بے حجاب دیکھتے تھے، یعنی ہر وقت ان کو قرب خاص نصیب رہتا ہے۔

  • آج احقر)حضرت میر صاحب(کے والد صاحب کو حضرت والا نے بیعت فرمایا والد صاحب کے بیعت ہونے کے بعد احقر والد صاحب کو گھر پہنچا کر واپس ہوا، حضرت لیٹے ہوئے تھے، بخار تھا، احقر کے لئے فرمایا: "لے گیا دل مرا ایک نگینہ والا۔)سبحان اللہ (

  • جسم کی ذلت کوئی ذلت نہیں ہے، جسم تو ایک لباس ہے، اس کے ٹکڑے ٹکڑے بھی کر دو تو روح ذلیل نہیں ہوسکتی، بلکہ تاجِ شہادت کو پہن کر اللہ کے پاس جائے گی۔ طائف میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم مبارک پر پتھر برسائے جائے رہے تھے لیکن جانِ پاکِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت بھی سید الانبیاء کے مقام پر فائز تھی۔

  • اللہ تعالی کی بندو ں سے عظیم الشان محبت پر مشتمل بہت ہی عجیب اور الہامی مضمون ہوا۔

  • حق تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اگر تم نیکی کے راستہ پر نہیں چلو گے اور جنت حاصل نہیں کروگے تو میں تمہیں دردناک عذاب دوں گا، پس حق تعالیٰ کی اس محبت پر قربان ہوجائو کہ قرآن  پاک میں جنت دلانے کے لئے عذاب سے ڈرایا۔

  • جسم روح کی خدمت کے لیے ہے:

  • روح تمہارے جسم کی محتاج نہیں ہے جسم تمہاری روح کا محتاج ہے، اسی لئے جب روح اللہ کے پاس جائے گی تو جسم کو اتار کر پھینک کر جائے گی ۔

  • ہم لوگوں کا کیا حال ہے کہ نوکروں تو گھی مکھن کھلا کر تگڑا کررہے ہیں اور سیٹھ اور مالک کو فاقہ زدہ کر رکھا ہے اللہ کو بھلا کر ۔ حالانکہ چاہیے تو یہ تھا کہ جسم کو تگڑا کر کے اس سے کام لیتے ، عبادت کراتے اور گناہوں سے بچاتے۔

  • بندوں سے حسن ظن کی ترغیب:

  • تمام مخلوق اللہ کی عیال یعنی کنبہ ہے، پس اس سے اچھا گمان رکھنے والے سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتے ہیں اور بدگمانی کرنے سے ناراض ہوتے ہیں۔

  • اللہ تعالیٰ نے ہوا کو عام کردیا جسم کی بقاء کے لئے اور اپنی یاد کو عام کردیا روح کی بقاء کے لئے۔

  • گناہ گاروں کے لیے عجیب دُعا :فرمایا کہ یہ دعا گناہ گاروں کے لئے ایسی ہے کہ رات بھر سجدہ میں پڑا ہوا مانگتا رہے۔

  • اللّٰھُمَّ لَا تُخْزِنِیْ فَاِ نَّکَ بِیْ عَالِمٌ وَّلَا تُعَذّبْنِیْ فَاِنَّکَ عَلَیَّ قَادِرٌ

  • کسی بچہ سے اگر باپ کی کوئی نافرمانی ہوجائے جس سے باپ اس سے سخت ناراض ہو، قریب ہو کہ اس کو سزادے لیکن بچہ اپنے ننھے ننھے ہاتھ جوڑ کر کہنے لگے کہ ابا، آپ مجھے سزا نہ دیجئے، کیونکہ میں آپ کا مقابلہ کرہی نہیں سکتا، میں تو کمزور ہوں، آپ طاقتور ہیں اور مجھ پر پوری طرح قادر ہیں، آپ مجھے ماریں گے تو میں آپ کی سزا سے بچ نہیں سکوں گا، تو باپ کا دل پگھل جائے گا کہ یہ تو میری طاقت کا اور اپنے ضعف کا اقرار کر رہا ہے اس کو کیا سزا دوں۔ جب اس عنوان سے باپ کی رحمت جوش کر سکتی ہے تو اللہ کی رحمت کس قدر جوش میں آئے گی، اسی وجہ سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ عنوانِ دعا ہمیں سکھایا۔

  • آج کی پرنور مجلس تقریبا ۳۱ منٹ پر مشتمل رہی ، آخر میں حضرت نے مختصر دُعا فرمائی۔

 

محفوظ کیجیے

 

Joomla! Debug Console

Session

Profile Information

Memory Usage

Database Queries