عشاء مجلس ۲۴ جنوری ۲۶ء:دنیا اور آخرت کی کامیابی کا راستہ ! | ||
اصلاحی مجلس کی جھلکیاں مقام:مسجد اختر نزد سندھ بلوچ سوسائٹی گلستانِ جوہر کراچی بیان:عارف باللہ حضرتِ اقدس حضرت شاہ فیروز عبداللہ میمن صاحب دامت برکاتہم بیان کا خلاصہ:۔ فرمایا کہ اللہ سے محبت کرنے والا انسان کبھی اللہ سے دور نہیں ہوتا۔ جو گناہوں اور نامحرم محبتوں میں پڑتا ہے اس کا دل اور خیال ناپاک ہو جاتا ہے، حتیٰ کہ نماز میں بھی برےخیالات یاد آتے ہیں۔ اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ انسان اللہ کا پیارا بننے کی کوشش کرے، اور یہ ہر مسلمان پر ضروری ہے۔ فرمایا اللہ والا بننے کا مطلب یہ نہیں کہ پڑھائی، نوکری یا کاروبار چھوڑ دیا جائے۔ دین ہمیں یہ نہیں کہتا کہ دنیا سے بھاگ جاؤ، بلکہ یہ سکھاتا ہے کہ حلال کماؤ، حرام سے بچو، نماز نہ چھوڑو اور کسی کا حق نہ کھاؤ۔ ڈاکٹر، انجینئر، تاجر یا مزدور بننا منع نہیں، بس اللہ کو ناراض نہ کرو۔ جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے وہ چوری، رشوت، بدکاری، والدین کی نافرمانی اور غلط راستوں پر نہیں جاتا۔ حلال کمائی دل کو صاف رکھتی ہے اور حرام کمائی انسان کو برائی کی طرف لے جاتی ہے۔ انسان جیسا دوست بناتا ہے ویسا ہی بن جاتا ہے، اس لیے نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرو۔ اللہ کے لیے محبت رکھنے والوں کو قیامت کے عرش کا سایہ بھی ملے گا۔ مختصر یہ کہ: جس کام سے اللہ اور رسول ﷺ خوش ہوں وہ کرو، جس سے ناراض ہوں وہ چھوڑ دو — یہی اصل دین ہے۔ دورانیہ 59:16 | ||